چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کی شاہد خاقان عباسی کو وزارت اعظمیٰ کے انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد
شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں پاکستان کی حکومت قومی اتحاد اوراستحکام کو یقینی بنانے اورسماجی واقتصادی ترقی کیلئے پرعزم انداز میں کام جاری رکھے گی، لی کی چیانگ
اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے شاہد خاقان عباسی کو وزارت اعظمیٰ کے انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔پاکستان میں چین کے سفارت خانہ کی طرف سے جمعرات کویہاں جاری بیان میں چین کے وزیراعظم نے چین کی حکومت، عوام اور اپنی جانب سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کومبارکباد دی ہے اوران کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیاہے۔چین کے وزیر اعظم نے اس یقین کا اظہارکیاہے کہ شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں پاکستان کی حکومت قومی اتحاد اوراستحکام کو یقینی بنانے اورسماجی واقتصادی ترقی کیلئے پرعزم انداز میں کام جاری رکھے گی۔انہوں نے کہاہے کہ چین پاکستان کے ساتھ دیرینہ اورآزمودہ سٹریٹجک تعاون و شراکت داری میں اضافے کو بہت اہمیت دیتا ہے،چین دونوں ممالک کے باہمی فائدے کیلئے مختلف شعبوں میں تعاون ، دونوں ممالک اور ان کے عوام کیلئے فائدہ مند چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل اور خطے میں امن واستحکام کیلئے کام جاری رکھے گا۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور پاکستان کے عوام کیلئے اپنی نیک تمناوں کا بھی اظہارکیا۔