اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):چین کے وزیر اعظم لی چیانگ پیر کو چار روزہ دو طرفہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ۔ چینی وزیر اعظم دورے کے دوران ملک کی اعلیٰ سول اور فوجی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور شنگھائی تعاون تنظیم کی حکومتی سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ چین کے وزیراعظم کے ہمراہ وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے جس میں وزارت خارجہ و تجارت، نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن اورچین کی بین الاقوامی ترقیاتی ایجنسی کے افسران بھی شامل ہیں ۔ چین کے کسی بھی وزیر اعظم کا گزشتہ 11 سال بعد پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔
نورخان ائیربیس پہنچنے پروزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے دیگر اراکین اور اعلیٰ سرکاری حکام نے وزیر اعظم لی چیانگ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پرروایتی پاکستانی لباس میں ملبوس دو بچوں نے معزز مہمان کو گلدستے پیش کیے جبکہ مہمان وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی ۔ پاکستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ چین کے وزیراعظم بعدمیں وزیراعظم ہائوس میں وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کریں گے جہاں انہیں باضابطہ استقبالیہ تقریب میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
جس کے بعد دونوں وزرائے اعظم وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے جس میں پاک چین تعلقات کے تمام پہلوئوں بشمول اقتصادی اور تجارتی تعلقات اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔فریقین چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلہ (سی پیک ٹو) اور دیگر میگا پراجیکٹس سمیت دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کریں گے۔
چین کے وزیراعظم گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی کریں گے۔اپنے دورہ پاکستان کے دوران چین کے وزیراعظم صدر آصف علی زرداری اور پاکستان کے پارلیمانی رہنمائوں اور اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، اس کے علاوہ وہ 15-16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔