بیجنگ۔20 مارچ (اے پی پی) چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے دو کروڑ شہریوں کے لئے خطرناک امراض میں مبتلا ہونے کی صورت میں انشورنس کے ذریعہ علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے یہ اعلان ملک کے اعلیٰ ترین قانون ساز ادارے کے سالانہ اجلاس کے اختتام پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے مختص فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا اور ان میں سے آدھے فنڈز خطرناک امراض میں مبتلا ہونے والے شہریوں کے علاج معالجے پر خرچ کئے جائیں گے۔انہوں مزید بتایا کہ ادویات کی درآمد پر محصولات بھی کم کئے جائیں گے اور کینسر کی ادویات پر محصول مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی علاج معالجہ کی سہولتوں تک رسائی کو بہتر بنانے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔