بیجنگ۔2اگست (اے پی پی):چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ’’ چین۔آسٹریلیا‘‘ تجارتی تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ہیں۔
بیجنگ میں جمعہ کے روز پریس کانفرنس میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ آسٹریلوی حکومت کی طرف سے جاری رپورٹ میں جن حقائق اور اعداد و شمار کا حوالہ دیا گیا ہے وہ ان زبردست فوائد کی عکاسی کرتے ہیں جو چین کے ساتھ تجارت سے آسٹریلیا کے عوام کو حاصل ہوئے ہیں،
یہ ثمرات ’’چین۔آسٹریلیا ‘‘ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی باہمی فائدہ مند نوعیت کو اجاگر کرتے ہیں اور ایک بار پھر ظاہر کرتے ہیں کہ چین کی ترقی آسٹریلیا کے لئے چیلنج کے بجائے ایک موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین آسٹریلیا کے ساتھ اپنی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی 10 ویں سالگرہ کو ایک نئے نقطہ آغاز کے طور پر لینے کے لئے آسٹریلیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے ۔