اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد مےں آئندہ ماہ شروع ہونے والے چےف آف آرمی سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میںمزید 10 ممالک کے کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کردی ہے۔اس طرح ایونٹ میں مجموعی طور پر 18 ممالک کے 27 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ مصر کے عمر عبدالمعید انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ ہوں گے۔ ایونٹ کے مین راﺅنڈ میں 12 کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے جس میں 9 غیر ملکی اور تین پاکستانی کھلاڑی شامل ہوں گے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے بدھ کو ”اے پی پی“ کو بتایا کہ چیف آف آرمی سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جس میں انگلینڈ، سکاٹ لینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریا، آسٹریلیا، مصر، اردن ‘ آئر لینڈ‘جرمنی ‘ ہانگ کانگ ‘ ملائیشیا‘ ڈنمارک ‘ ویلز‘ سپین ‘ فرانس ‘ سوئٹزرلینڈ‘ امریکا ‘ قطر اور کویت کے 27 کھلاڑیوں نے شرکت کی باضابطہ طور پر تصدیق کر دی ہے۔ ایونٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی انٹری کی آخری تاریخ 2 اگست مقرر تھی اور 3 اگست تک وہ اپنے نام لسٹ سے نکلوا سکتے ہیں۔