ڈائریکٹر اینیمل ہسبنڈری ڈاکٹر ریاض احمد عباسی کا ٹھٹھہ اور کوہستان کے ویٹرنری مراکز کا اچانک دورہ

46

حیدرآباد۔ 30 جون (اے پی پی):ڈائریکٹر اینیمل ہسبنڈری سندھ ڈاکٹر ریاض احمد عباسی نے ضلع ٹھٹھہ اور کوہستان (تھانہ بولا خان) کے مختلف وٹرنری سینٹرز حاجی صدیق شورو، وٹرنری سینٹر جھمپیر، وٹرنری سینٹر جھرک اور ویٹرنری سینٹر کلو کوہر نوری آباد کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے مذکورہ مراکز پر عملے کی حاضری، ادویات اور ویکسین کی دستیابی سمیت سٹاک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد برسات کے موسم سے قبل جانوروں کے تحفظ کے لیے ویکسینیشن مہم کی تیاریوں کا معائنہ کرنا ہے۔

ڈائریکٹر اینیمل ہسبنڈری سندھ نے اس موقع پر ہدایات جاری کیں کہ برسات سے قبل جانوروں کی ویکسینیشن مہم پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ متعدی بیماریوں سے مؤثر بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے ویٹرنری اسٹاف کو تلقین کی کہ ادویات اور ویکسین کا مطلوبہ اسٹاک بروقت فراہم کیا جائے اور ویٹرنری سینٹرز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مناسب طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

واضح رہے کہ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالعزیز رستمانی، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈویلپمنٹ کوہستان ایٹ تھاڻو بولا خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔