لاہور۔21جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل آ ثار قدیمہ ظہیر عباس ملک کی زیر صدارت لاہور میں سپریم کورٹ برانچ رجسٹری عمارت کی بحالی اور تحفظ کے کاموں کی نگرانی بارے ماہرین کی کمیٹی کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا۔ تفصیل کے مطابق یہ اجلاس گارڈن ٹائون، لاہور میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آثار قدیمہ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں سینئر حکام اور ماہرین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بحالی کے کاموں کی پیش رفت پر تبادلہ خیال، درپیش چیلنجز پر غور اور یہ یقینی بنانے پر زور دیا گیا
کہ تمام تحفظاتی اقدامات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ظہیر عباس ملک نے پنجاب کی وزیر اعلی مریم نواز کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آثار قدیمہ پنجاب مشترکہ کوششوں اور ماہر رہنمائی کے ذریعے پنجاب کے تاریخی ورثے کے تحفظ کے مشن پر گامزن ہے تاہم وزیر اعلی پنجاب نے پنجاب کے بھرپور ثقافتی ورثے کے تحفظ پر خاص توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی کی متحرک قیادت کے تحت ہم اپنی تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور بحالی کے لیے پرعزم ہیں
تاکہ پنجاب کی عظمت کو برقرار رکھا جا سکے اور آنے والی نسلیں اپنی تاریخی جڑوں سے جڑی رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ برانچ رجسٹری عمارت صرف ایک معماری شاہکار ہی نہیں بلکہ ادارہ جاتی تاریخ کی علامت بھی ہے، جس کے تحفظ کے لیے پائیدار اور محتاط اقدامات کی ضرورت ہے۔
اجلاس کا اختتام تمام شراکت داروں کے لیے قابل عمل فیصلوں اور ہدایات کے ساتھ ہوا تاکہ تحفظاتی منصوبے پر بروقت اور مثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے، جو وزیر اعلی کے ورثے کے تحفظ کے وژن سے ہم آہنگ ہو۔اجلاس میں نمائندگان سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)، نیسپاک، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے موجود تھے۔