ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی نادھندگان سے واجبات وصول کرنے کی مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت

99

فیصل آباد۔ 19 اپریل (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ نادھندگان سے واجبات وصول کرنے کی مہم مزید تیز کی جائے، اس سلسلے میں قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں اور دیرینہ نادھندگان سے بقایاجات کی وصولی کیلئے بلا امتیاز کارروائی ہونی چاہیئے۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس میں ریونیو ریکوری کے امور کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف و دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے مختلف مدات میں زیر التواء واجبات کا جائزہ لیتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ ریونیو وصولی کی مہم کو نتیجہ خیز بنائیں تاکہ ادارہ کے مالی استحکام کے اہداف کو پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف آپریشن کو کامیابی سے جاری رکھیں اور واجبات جمع نہ کرانے کی صورت میں جائیدادوں کو سر بمہر کرنے میں تاخیر نہ کریں۔ انہوں نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں غیر قانونی ڈویلیمنٹ کے خلاف عائد جرمانوں کی وصولی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کے تاکید کی اور کہا کہ اس سلسلے میں موثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ریکوری کیلئے ڈویلپرز سے موثر رابطہ کیا جائے۔ انہوں نے ایف ڈی اے کے ذرائع آمدن میں اضافہ کرنے کیلئے مختلف بزنس ماڈلز ترتیب دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ دستیاب پلاٹس کی نیلام کے ذریعے فروخت، کرایہ پر دینے کے علاوہ ملکیتی جائیدادوں کو دیگر منافع بخش کاموں میں بروئے کار لانے کیلئے تجاویز تیار کریں۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سے کہا کہ وہ ریونیو ریکوری کی صورت حال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں اور وصولی کے اعداد و شمار کے بارے میں انہیں مسلسل آگاہ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ریونیو کے اہداف کو ہر صورت پورا کریں اس سلسلے میں ناقص کارکردگی یا کوتاہی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف فوری ایکشن ہونا چاہیے۔