31.5 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومقومی خبریںڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے میر سیف اللہ کا اولڈ ٹاؤن بحالی...

ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے میر سیف اللہ کا اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت قدیم ثقافتی ورثے اور ملا فاضل چوک سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا دورہ،

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 08 مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) میر سیف اللّٰہ کھیتران نے کہا ہے کہ ماضی میں یہ علاقہ بدحالی کا شکار رہاجس کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر تھیں، مگر آج یہاں سیاسی اجتماعات اور کاروباری چہل پہل بحال ہو چکی ہے جو جی ڈی اے کی انتھک محنت اور حکومت کی کامیاب ترقیاتی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ان خیالات کااظہار جمعرات کے روز اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے سمیت جی ڈی اے کی جانب سے جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورے کےموقع پربات چیت کرتےہوئے کیا۔ انہوں نے تاریخی و ثقافتی ورثے کی بحالی کے تحت برطانوی دور کے قدیم ٹیلیگراف آفس کا معائنہ کیا اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باقی ماندہ کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔دورے کے دوران ڈی جی جی ڈی اے نے گوادر کے اہم تجارتی و تاریخی مرکز ملا فاضل چوک، میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر جی ڈی اے کے چیف انجینئر حاجی سید محمد نے انہیں جاری کاموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

- Advertisement -

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ملافاضل چوک اور ملحقہ علاقوں میں لنک روڈز کی تعمیر، ٹف ٹائلنگ، فٹ پاتھوں کی خوبصورتی، جدید سیوریج اور ڈرینیج سسٹم کی تنصیب جیسے اہم کام تیزی سے جاری ہیں، جن کا مقصد علاقے کو نہ صرف دیدہ زیب بنانا ہے بلکہ نکاسی آب اور صفائی کے دیرینہ مسائل کا پائیدار حل فراہم کرنا ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے مکی مسجد سے ملا فاضل چوک تک سڑک کی کارپیٹنگ کا کام جلد شروع کرنے کی ہدایت دی، یہ منصوبہ طویل عرصے سے تعطل کا شکار تھا۔

انہوں نے جی ڈی اے کی انجینئرنگ ٹیم کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی اور کہا کہ منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل اولین ترجیح ہے۔قبل ازیں، ڈائریکٹر جنرل نے پاکستان آرمی کے جی او سی، میجر جنرل عدنان سرور ملک کے ہمراہ عمانی قلعہ کا بھی دورہ کیا اور اسے گوادر کے ثقافتی ورثے کا اہم حصہ قرار دیا۔علاقہ مکینوں اور دکانداروں نے جی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں نے علاقے کی رونقیں بحال کر دی ہیں اور معیشت میں بہتری کی نئی راہیں کھولی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل سیف اللّٰہ کھیتران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوادر کو عالمی معیار کا ترقی یافتہ، خوبصورت، معاشی اور سیاحتی مرکز بنانے کے لیے جی ڈی اے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی کچھ نئے اور بڑے منصوبے متعارف کروائے جائیں گے جن سے عوامی سہولتوں اور شہر کی مجموعی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594388

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں