پشاور۔ 16 مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر محمد آیاز خان نے ریسکیو نوشہرہ کے ضلعی مرکزی دفتر خٹ کلی کا دورہ کرکے ریسکیو دربار کا انعقاد کیا۔ نوشہرہ آمد پر ریجنل ڈائریکٹر سنٹرل ڈاکٹر میرعالم خان اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملک اشفاق حسین نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پر ریسکیو1122 کے چاک وچوبند دستے نے اعزاز سلامی پیش کرنے کے ساتھ بلندو بالا عمارت میں پھنسے افراد کی باحفاظت نکالنے اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے دورے کے موقع پر ایمرجنسی گاڑیوں اور سٹال کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد آیاز خان کے ہمراہ ، ریجنل ڈائریکٹر آپریشن ساؤتھ عمران یوسفزئی، محمد وسیم اورکزئی ایڈمن آفیسر، بلال احمد فیضی ترجمان ریسکیو1122، ایمرجنسی افسران نوشہرہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایاز خان نے ریسکیورز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ریسکیو دربار کا بنیادی مقصد ریسکیو اہلکاروں اور افسران کے درمیان ہم آہنگی کی فضا کو قائم کرنا ہے تاکہ ریسکیو اہلکار بلا خوف وخطر ہر قسم کہ مسائل، تجاویز اور اپنی قیمتی آراء سے انتظامیہ کو آگاہ کریں جبکہ ان شکایات/مسائل کے حل کے لیے مزید تیز اور موئژ اقدامات اُٹھائے جائے اور سرکاری سطح پر دی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔
دربار کے اختتام پر ڈی جی ریسکیو 1122 نے مختلف ایمرجنسیز میں بہترین کارکردگی پیش والے ریسکیورز کو تعریفی اسناد پیش کئے۔