چیچہ وطنی۔ 31 مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب چوہدری عبد الحمید نے تحصیل چیچہ وطنی کا دورہ کرکے مقامی دفتر میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عرفان شادنے فصلوں کی موجودہ صورتحال، کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں ڈی جی زراعت نے مختلف کھیتوں میں جا کر کپاس کی فصل کا معائنہ کیا۔
انہوں نے فصل کی صحت کو اطمینان بخش قرار دیا۔ڈی جی زراعت نے کہا کہ فصل پر سفید مکھی اور جسیڈ کے حملے کی نشان دہی ہوئی ہے، تاہم ان کی سطح اقتصادی حد برداشت سے کم ہے، جس پر فوری توجہ دی جا رہی ہے۔ڈی جی زراعت نے کسانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کو محکمہ زراعت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ کسانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور فصل کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603867