اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے وضاحت کی ہے کہ ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈرس ایدھانوم جبرائے کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عالمی ادارہ صحت نے وضاحت کی کہ اس ضمن میں اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں بلکہ ڈاکٹر ٹیڈرس کورونا وائرس کے مریض سے رابطہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے حفظ ماتقدم خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔دریں اثناعالمی ادارہ کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈرس نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میرا ٹیسٹ پازیٹو نہیں آیا بلکہ میرا رابطہ مثبت کیس والے مریض سے ہوا تھا جس پر میں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں ہیں، محض حفظ ماتقدم قرنطینہ میں ہوں اور بالکل ٹھیک ہوں۔