ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور بیورو شہزاد سلیم کا انٹرویو

72

لاہور۔4 جولائی(اے پی پی ) ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور شہزاد سلیم نے کہا ہے کہ نیب لاہور نے اپنے قیام سے سے لے کر ابتک 988 ملزمان کو گرفتار کر کے 17 ارب روپے جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران 344 ملزمان کو گرفتار کر کے کرپشن کے 3 ارب روپے وصول/ایگریمنٹ کئے ہیں‘ نیب ایک سسٹم کے تحت کام کرتا ہے جس میں ون مین شو کا تاثر ہرگز نہیں ہوتا، ہر کوئی احتساب چاہتا ہے مگر صرف دوسروں کا، پلی بارگین ایک عدالتی پراسیس ہے جسے نیب کا کوئی بھی افسر ذاتی حیثیت میں کرنے کا مجاز نہیں، احد چیمہ کیس میں پہلا ریفرنس دائر کردیا گیا ہے اور جلد یہ کیس حل ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی کوانٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ سابق چیئرمین نیب کے دور میں پنجاب لاہور کے بڑے بڑے میگا کیسز پر پیشرفت سست تھی مگر موجودہ چیئرمین نیب نے آتے ہی میگا کرپشن کیسز پر فوری تحقیقات کا حکم دیا جس کی وجہ سے نیب کے بارے میں آجکل یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ نیب کسی خاص ایجنڈے پر کام کر رہا ہے مگر یہ تاثر حقیقت کے بالکل برعکس ہے، نیب سو فیصد غیر سیاسی اور غیر جانبدارانہ طور پر میگا کیسز پر تحقیقات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب لاہور نے اپنے قیام سے لیکر اب تک 988 ملزمان کو گرفتار کر کے 17 ارب روپے جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران 344 ملزمان کو گرفتار کر کے کرپشن کے تین ارب روپے وصولی کیلئے ایگریمنٹ کیے ہیں اور اس انتہائی قلیل مدت میں 1 ارب روپے وصول بھی کیے جاچکے ہیں۔