فیصل آباد ۔ 23 جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب غلام صغیر شاہد نے محکمہ تعلقات عامہ فیصل آباد ڈویژن اور متعلقہ ضلعی انفارمیشن دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پر تشہیر کے لئے مربوط انداز میں ٹھوس اور نتیجہ خیزحکمت عملی اپنائی جائے تاکہ عوام تک مستند انداز میں فوری معلومات پہنچا کر محکمہ کے حقیقی مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 20،اضلاع میں انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے دفاترکی اپنی عمارات کی تعمیر کے لئے اقدامات میں تیزی لائی جارہی ہے، دفاتر تعلقات عامہ کے قیام کا دائرہ پنجاب کے تمام ڈویژن واضلاع تک بڑھائیں گے اور دور حاضر کو مدنظر رکھ کرانفارمیشن دفاتر کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر عبور کے لئے بھی اقدامات وقت کی شدید ترین ضرورت ہے اس ضمن میں درکار وسائل اور افرادی قوت بھی فراہم کریں گے۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر فیصل آباد ڈویژن محمد اویس عابد،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر جھنگ ریاض حسین مارتھ،ڈی آئی او ٹوبہ ٹیک سنگھ /چنیوٹ محمد شہباز نے ڈائریکٹر جنرل کو گزشتہ تین ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ڈائریکٹر جنرل نے فیصل آباد ڈویژن اور اضلاع کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہاراور ڈویژن میں کام کرنے والے تمام افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مزید محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔ضلعی افسران نے ڈی جی پی آر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ وسائل کے بہترین استعمال کے ذریعے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے
اور حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے میں اپنا جاندار کردار ادا کریں گے۔اجلاس میں ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا محمد سہیل رانا، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خورشید جیلانی،ڈپٹی ڈائریکٹر پریس لاز نایاب حیدر نقوی، ڈائریکٹر ایڈمن صدیق کیانی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔