راولپنڈی۔3نومبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرلآرٹس کونسل پنجاب سید بلال حید ر نے لوک میلہ اسلام آباد میں پنجاب پویلین کا افتتاح کیا، ڈائریکٹر وقار احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سلیمان بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ڈی جی آرٹس کونسل نے کہا کہ پنجاب پانچ دریاؤں کی سرزمین ہےجس کی ثقافت نہایت دلکش اور خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ صدیوں پرانی بھی ہے۔ثقافت کی وسعتیں لا محدود ہیں، جو قومیں اپنی ثقافت کے ساتھ جڑی رہتی ہیں وہی دنیا میں ترقی کر تی ہیں۔ثقافت کا مقصد جہاں ماضی کو حال سے جوڑ کر اپنی شناخت کا ادراک حاصل کرنا ہے ،وہاں اس کا مقصد بہترین معاشرے کی تشکیل بھی ہے۔
علاقائی ثقافت اور روایات کی ترویج کے لیے میلوں کا انقعاد ضروری ہے، علاقائی ثقافت کا فروغ اتحاد و یکجہتی کا ضامن ہے۔آرٹ اینڈ کلچر کسی بھی ملک کا نمایاں رکن ہوتا ہے جو اس ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرنے کے علاوہ اس ملک کا اہم ترین ورثہ بھی ہیں، ثقافت کسی ملک کا وہ نمایاں پہلو ہے جو اس کو دوسروں سے مختلف بناتا ہے۔چاک پر بنے مٹی کے برتن ہوں یا دیسی کھڈی پر بنے کھیس یادریاں، گوٹاکناری ، ٹانکہ لگانے کا فن ہو یا پھرلکڑی، پتھر،ہاتھی دانت، میٹل یاکپڑے پرکشیدہ کا ری ہو۔پنجاب پویلین میں دستکاروں کے تقریباً 50 عدد سٹال سجائے گئے ہیں جن میں 100کے قریب ماہر ہنرمند کام میں مصروف ہیں۔
دستکاروں میں بہاولپور سے مسمار حاجراں بی بی،چنگیرسازی،شاہدہ بی بی کشیدہ کاری، ابراہیم عالم پاٹری ورک،ملتان سے عاصمہ ظہورکشیدہ کاری،محمد احمد،بلاک پرنٹنگ،ذیشان رشید،کیمل بون ورک،شاہ جہان بیگم،موتی ورک،ثریا عبداللہ چنری میکنگ اور عبدالرحمن کیمل سکن ورک، فیصل آباد سے محمد راسلم کھسہ میکنگ،محمد ریاض لیکر آرٹ،کنیز فاطمہ چھابی میکنگ،گوجرانوالہ سے سرفراز حسین کھڈی، غلام عباس،دیسی دری بنائی، لاہور سے ذوالفقار علی،بلیو پاٹری، ضیاء الحق،ووڈ ورک، محمد افسر خان، پیتل ورک، راولپنڈی سے فوزیہ ناہید،گڑیاسازی، حفیظ ناصر،زری کا کام، ذوالفقار علی غازی،پیپر ماشی، زاہدہ سلطانہ کروشیاورک اور غلام حسین سٹون کارونگ قابل ذکر ہیں۔
میلے میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے شوکت ڈھولی بھی شائقئن کو خوب محظوظ کر رہے ہیں،اسلم لوہار،سائیں ریاض،احمد علی، حسین عباس، محمد حمزہ سمیت دیگر فوک گلوکار موسیقی کا تڑکا لگاتے ہیں۔ پنجاب لوک رقص پارٹی بھی اپنے فن کا بھر پور مظاہرہ کر رہی ہے۔پنجاب پویلین میں علاقائی روایتی کھانوں کے سٹالز بھی لگائے گئے ہیں جن میں مکئی کی روٹی، ساگ، مکھن،چاٹی کی لسی وغیرہ کو بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ پنجاب پویلین کو روزانہ سیکٹروں کی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح دیکھنے آرہے ہیں۔