ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کی زیرِ صدارت جشنِ بہاراں فیسٹیول اور شجر کاری مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس

94

سرگودھا۔ 23 جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی سرگودھا چوہدری محمد ارشد نے کہا ہے کہ جشنِ بہاراں کے حوالہ سے فلورا فیسٹیول کے انعقاد اور موسم بہار کی شجر کاری مہم کے سلسلہ میں ہنگامی بنیادوں پرکام کرتے ہوئے اہداف کا حصول ممکن بنایا جائے،فرائض میں غفلت و کوتاہی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہوگی ۔ سرگودھا کا سر سبز و شاداب روپ دے کر آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانا اور انہیں خوشگوار و صحت افزاءماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے جس پر سمجھوتہ کسی بھی طور ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشنِ بہاراں اور شجرکاری مہم کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس شفیق الرحمن نیازی و دیگر موجود تھے۔ اجلاس میں پی ایچ اے کے زیر اہتمام پارکس، گرین بیلٹس اور گرین ایریاز میں جاری معمول کے اقدامات اور ترقیاتی منصوبہ جات پر کام کی رفتار اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے چوہدری محمد ارشد نے اہم احکامات بھی جاری کئے اور سٹاف کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ سرگودھا کو ماحولیاتی آلودگی کے عفریت سے نجات دلاتے ہوئے گرین سٹی میں تبدیل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس حوالہ سے کسی بھی معیار پر سمجھوتہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا کو پنجاب بھر میں ماڈل سٹی بنانے کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت مصروف عمل ہیں جس کے لئے باقاعدہ اہداف مقرر کرتے ہوئے کام کیا جا رہا ہے اور یہ سلسلہ حقیقی تبدیلی اور نتائج کے حصول تک جاری رہے گا۔