کوئٹہ۔ 06 مارچ (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیف اللہ کھیتران کی ہدایت پر سربندر لنک روڈ کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت مکران کوسٹل ہائی وے تا سربندر تک لنک روڈ کی تعمیر و مرمت کی جا رہی ہے جو کہ سربندر کے عوام کا دیرینہ مسئلہ تھا۔ اس سڑک کی تکمیل سے مقامی لوگوں کو سفری سہولیات میں نمایاں بہتری ملے گی۔ دوسری جانب جی ڈی اے کی جانب سے کلانچی پاڑہ میں نئی پائپ لائن بچھانے کے بعد پانی کی سپلائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ علاقہ اس سے قبل پانی کی بنیادی سہولت سے محروم تھا۔ تاہم اب نئی لائن کی تنصیب کے بعد لوگوں کو پانی کی دستیابی یقینی بنا دی گئی ہے۔ پانی کی فراہمی کے آغاز پر کلانچی پاڑہ کے مکینوں نے خوشی کا اظہار کیا اور جی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ فقیر کالونی اور ڈھور میں بھی جی ڈی اے کے پائپ لائن کا کام مکمل ہو چکا ہے اور اب گھروں کو کنکشن دینے کا عمل جاری ہے۔ جلد ہی ان علاقوں میں بھی پانی کی باقاعدہ سپلائی شروع کر دی جائے گی اور جن لوگوں نے اب تک نئے کنکشن کیلئے درخواست نہیں دی ہے انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ اپنے ہاؤس کنکشن کیلئے فوری طور پر درخواست جمع کرلیں تاکہ کنکشن لگانے کے عمل کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔ جی ڈی اے کی ان ترقیاتی سرگرمیوں سے مقامی آبادی کو بنیادی سہولیات میسر آئیں گی جو کہ ادارے کے عوامی خدمت کے عزم کا مظہر ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569546