کوئٹہ۔ 01 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسزڈاکٹر فاروق ہوت کی زیرصدارت انتخابات 2024 کے لیے ایمرجنسی رسپانس سیل کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائرریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فاروق ہوت ، کنوینر الیکشن ایمرجنسی رسپانس سیل ڈاکٹر فہیم خان ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لاجسٹک ڈاکٹر غلام مصطفی ، پبلک ہیلتھ اسپیشلسٹ ڈاکٹر احمد ولی ، ایم ایس بینظیر ہسپتال ڈاکٹر افضل زرکون ، ڈی ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکثر زبیر جان بگٹی
، ڈپٹی ڈائریکٹرشیخ زید ہسپتال سریاب ڈاکٹر منیر جمال گچکی، ڈائریکٹر آپریشن مرک 1122 ریاض احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ایمرجنسی ہیلتھ یونٹ ڈاکٹر عمیر، ایم ایس فاطمہ جناح ہسپتال ڈاکٹر علی احمد منیجر آر بی سی ڈاکٹر شفیع محمد، انچارج پی ڈی ایس آریو ڈاکٹر آباد خان ، ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی، آئی ایچ ایم ای آر یو کے پیر محمد، ٹیکنیکل ٹیم لیڈر آر بی سی عبدالحلیم اور پی پی ایچ آئی کے فرید احمدنے شرکت کی۔کنوینیر الیکشن ایمرجنسی رسپانس سیل ڈاکٹر فہیم خان کی سربراہی میں مرک 1122 کے آفس میں الیکشن ایمرجنسی رسپانس سیل بنایا گیا ہے جو 24/7 فعال رہے گا۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسزڈاکٹر فاروق ہوت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ بلوچستان میں آئندہ عام انتخابات 2024 کے دوران بلوچستان کے تمام ہسپتالوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
عام انتخابات کے دوران بلوچستان کے تمام ہسپتالوں کےایم ایسز، چیف ایگزیکٹیوز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اپنے متعلقہ ہسپتالوں، انسٹی ٹیوٹ اور شعبہ جات میں چوبیس گھنٹے تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈی ایچ اوز ، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی اپنے اضلاع میں جان بچانے والی ادویات ، خون ، آکسیجن اور دیگر ضروری میڈیکل ضروریات کی اضافی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ،ہسپتالوں کی فارمیسیوں میں 24/7 ادویات اور ڈسپوزیبل سامان موجود ہونے چا ہیے، تمام طبی آلات دستیاب ہونے چاہئیں اور ڈیوٹی روسٹر کے مطابق طبی عملہ اپنی مطلوبہ جگہ پر موجود ہونا چاہیے۔
آر بی سی بلڈ کا انتظام یقینی بنائےگا اور خون کے مختلف گروپس کے اضافی بلڈ بیگز کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں دستیابی ہو۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ پرائیویٹ ہسپتالوں کو بھی فعال ہونا ضروری ہے۔
سول ہسپتال کوئٹہ اور بی ایم سی ہسپتال میں 100 بیڈز کسی بھی ہنگامی صورت حال کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں تمام پرائیویٹ ہسپتالوں میں کم از کم 5 بیڈز اور ہر سرکاری ہسپتال میں 30 بیڈز کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متاثرین کے لیے موجود ہونے چاہئیں۔ڈی ایچ اوز ڈسٹرکٹس میں ایمرجنسی سیل میں موجود رہیں گے۔مرک 1122 کا تمام عملہ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو ترجیعی بنیادوں پرہسپتالوں میں منتقل کرے گا۔