ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد کا مختلف ویٹرنری اداروں میں ادویات سمیت دیگر امور کا معائنہ

102
ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد کا مختلف ویٹرنری اداروں میں ادویات سمیت دیگر امور کا معائنہ

فیصل آباد ۔ 24 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈاکٹر سید ندیم بدر نے گزشتہ روز ضلع فیصل آباد کے مختلف ویٹرنری اداروں کا اچانک معائنہ کیا جن میں سول ویٹرنری ہسپتال209،227،213 ر۔ ب اور سول ویٹرنری ہسپتال فیصل آباد شامل ہیں۔

انہوں نے حاضری،آؤٹ ڈور ریکارڈ، صفائی ستھرائی، کسان لائیو سٹاک بیٹھک اور ہائی سکول فوکس پروگرام، سپلائی چین،ادویات کا سٹاک ریکارڈ، سیرم اور ویکسینیشن ریکارڈ، دورے کے مجوزہ شیڈول، یومیہ ڈائری اور پرچی فیس رجسٹر، شجرکاری ریکارڈ، اے آئی ریکارڈاور موبائل ویٹرنری ڈسپنسری ریکارڈ کا جائزہ لیا۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے فیلڈسٹاف کو ہدایت دی کہ وہ وزیر اعلیٰ لائیوسٹاک کارڈ اقدام کی پیش رفت پر خصوصی توجہ دیں اور جاری ویکسینیشن کو بروقت مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ کولڈ چین کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنائیں،ایس پی ایم ایس 9211 پر ڈیٹا کو بروقت اپلوڈ کریں اور وزیر اعلیٰ لائیو سٹاک کارڈ اقدام کے تحت رجسٹرڈ شدہ جانوروں کی پاکستان اینیمل آئیڈنٹیفیکیشن اینڈ ٹریسبلٹی سسٹم ایپلیکیشن پر اپلوڈنگ کے عمل کو تیز کریں تاکہ بہتر سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے سول ویٹرنری ہسپتال213 ر ب میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا۔مزید برآں ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے کانفرنس روم سول ویٹرنری ہسپتال فیصل آباد میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں وزیر اعلیٰ لائیوسٹاک کارڈ اقدام کے تحت ٹیگنگ اور PAITS پر اپلوڈنگ کے حوالے سے پیشرفت کاتفصیلی جائزہ لیا گیا اور سرکاری امور کی بروقت تکمیل کے لئے اہم ہدایات جاری کی گئیں۔