ڈائریکٹر ٹرانزٹ ٹریڈ کسٹمز ارباب قیصر سے پاک افغان تجارت میں کاروبار کرنے والے تاجروں کی ملاقات، ممنوعہ اشیاء پر تبادلہ خیال

84
ڈائریکٹر ٹرانزٹ ٹریڈ کسٹمز ارباب قیصر سے پاک افغان تجارت میں کاروبار کرنے والے تاجروں کی ملاقات، ممنوعہ اشیاء پر تبادلہ خیال

پشاور۔ 05 جنوری (اے پی پی):پاک افغان تجارت میں کاروبار کرنے والے تاجروں کے وفد نے ڈائریکٹر ٹرانزٹ ٹریڈ کسٹمز ارباب قیصر سے ملاقات کی، ملاقات میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں ممنوعہ اشیاء پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کی قیادت ممتاز تاجر اور پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کوآرڈینیٹر ضیاء الحق سرحدی کر رہے تھے۔وفد کے دیگر ارکان میں سابق سینئر نائب صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجینئر منظور الٰہی ، فاروق احمد صدر طورخم کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن اور ایمل خان شنواری صدر آل طورخم کسٹم ایسوسی ایشن شامل تھے۔

ڈائریکٹر ٹرانزٹ ٹریڈ ارباب قیصر کے ہمراہ واجد علی ایڈیشنل ڈائریکٹر، شمس وزیر ایڈیشنل ڈائریکٹر ، ملیکہ احمد ڈپٹی ڈائریکٹر اور سپرنٹنڈنٹ ٹرانزٹ صادق اکبر بھی تھے۔اجلاس میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ممنوعہ اشیاء کے ایک نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تاجر برادری کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔ڈائریکٹر ٹرانزٹ نے ممنوعہ اشیاء کی فہرست شیئر کی ۔

شرکا نے تجویز پیش کی کہ ٹرانزٹ میں نہ ہونے کے برابر درآمدات والی اشیاء کو فہرست سے خارج کیا جائے ، یہ سفارش بھی کی گئی کہ افغان صنعتوں میں استعمال ہونے والے خام مال جیسی اشیاء کو بھی فہرست سے خارج کیا جا سکتا ہے تاکہ ٹرانزٹ ٹریڈ کو آگے بڑھانے کے لیے غیر ضروری پابندیوں کے تاثر کو ختم کیا جا سکےارباب قیصر نے مسائل کو تحمل سے سنا اور اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضیاء الحق سرحدی نے کسٹم حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاک افغان تجارت میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے مسائل کو سننے کے لیے وقت دیا۔انہوں نے کہا کہ تاجر افغانستان سے اشیا کی سمگلنگ کے مکمل خلاف ہیں تجارت پر پابندی لگانے کی بجائے نگرانی کو بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں ملکوں کے ہزاروں لوگوں کی روزی روٹی دونوں ممالک کے درمیان تجارت سے وابستہ ہے اور اگر تجارت کو وسط ایشیائی ممالک تک بڑھایا جائے تو تجارت کے تاریخی رابطے کے وسیع امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے فروغ میں ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ واجد علی کی کوششوں کو بھی سراہا۔ضیاء سرحدی نے ڈی جی ٹرانزٹ ٹریڈ واجد علی کو دورہ پشاور اور پاک افغان تجارت کے اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کی دعوت دی۔