ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کی جانب سے قائداعظم محمد علی جناح کی تصاویر کی ڈیجیٹل فوٹو گرافی نمائش کا انعقاد

140

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز ،وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام پہلی مرتبہ قائداعظم محمد علی جناح ؒکی تصاویر کی ڈیجیٹل فوٹو گرافی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاک چائنہ سنٹر میں نمائش کا افتتاح کیا۔

نمائش میں پیش کی گئی متعدد تصاویر پاکستان کیلئے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد اور گورنر جنرل کی حیثیت سے ان کے دور کے بارے میں تھیں۔ اس موقع پر گورنر جنرل کی حیثیت سے قائداعظم کے کردار کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک اینڈ میڈیا پبلیکیشنز کی جانب سے قائداعظم کے ایک رہنما کے طور پر کردار کے بارے میں مضمون نویسی کے مقابلہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات اور سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔

مقابلے میں اظفر خان نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ صلال امین نے دوسری اور مس سائرہ سجاد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب میں لیفٹیننٹ کرنل شاہد رفیق نے پوسٹل کوورز پر مشتمل اپنا ذاتی مجموعہ بھی نمائش کیلئے پیش کیا ۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو قائداعظم کا پاکستان بنانے کا یہی واحد راستہ ہے۔ سیکریٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، ایڈیشل سیکریٹری اطلاعات مبشر توقیر، ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک اینڈ میڈیا پبلی کیشنز مس عمرانہ وزیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے نمائش میں شرکت کی۔