اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کی نگرانی کے لئے جدید مانیٹرنگ سافٹ ویئر پر مبنی پہلے سینٹرل مانیٹرنگ سسٹم کے آغاز اور افتتاح پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والے جدید مانیٹرنگ سافٹ ویئر
ACTUS DIGITAL (Logger Content Digital)
پر مبنی نئے اور پہلے سینٹرل مانیٹرنگ سسٹم کا آغاز اور افتتاح کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔
وزارت اطلاعات کے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز (DEMP) میں واقع یہ سی ایم ایس مشین لرننگ، زبان کی شناخت اور ڈیٹا ریسرچ کی صلاحیت کا حامل ہے۔ یہ میڈیا کی فوری و درست نگرانی اور معلومات اکٹھا کر سکتا ہے جو تیز ترین اور باخبر حکومتی فیصلہ سازی کیلئے معاون ہوگا۔ سینٹرل مانیٹرنگ سسٹم انفارمیشن سروسز اکیڈمی کے طلباءکے لئے بھی دستیاب ہوگا۔ اس نظام کی کامیاب تکمیل پر وزارت اطلاعات کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔