ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ڈیجیٹل فوٹو گرافی و پینٹنگ نمائش کا انعقاد

101

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے منگل کو ڈیجیٹل فوٹو گرافی اور پینٹنگ نمائش کا انعقاد ہوا۔ انفارمیشن سروس اکیڈمی میں منعقد ہونے والی تصویری نمائش میں بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کی قدرتی خوبصورتی اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کو اجاگر کیا گیا۔ نمائش کے ذریعے کشمیری عوام کی ہمت اور غیر متزلزل جذبے کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل مبشر توقیر شاہ نے کشمیری عوام کی جدوجہد کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کرنے والے فن پاروں کی اہمیت کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جدوجہد کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں فن کو ہمیشہ اہمیت حاصل رہی ہے۔ نمائش میں فوٹو گرافرز اور فنکاروں نے اپنے فن کے ذریعے نہ صرف بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کو بیان کیا بلکہ وہاں کے لوگوں کو درپیش مشکلات پر بھی روشنی ڈالی۔

مبشر توقیر شاہ نے کہا کہ آرٹ اپنی تمام شکلوں میں سماجی تبدیلی کے لئے ہمیشہ سے ایک طاقتور ذریعہ رہا ہے۔ ان نمائشوں کے ذریعے ہم نہ صرف ہم اپنے فن کا اظہار کرتے ہیں بلکہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم بھی مہیاکرتے ہیں۔ انہوں نے طلبااور فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور وژن کو سراہا اور فنکارانہ اظہار کے ذریعے کشمیر کی کہانی کو زندہ رکھنے میں ان کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں کی تخلیقی صلاحیت، وژن اور آرٹ کے ذریعے بیداری پیدا کرنے کے لئے ان کا عزم انتہائی قابل تعریف ہے۔ سید مبشر توقیر شاہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر ہم سب کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہ وقت ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے لئے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کریں جو انصاف، امن، وقار اور آزادی کے حق کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور مشکلات اور صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ تصویری نمائش اور مقابلے میں مختلف تعلیمی اداروں کے 56 طلباءنے حصہ لیا جنہوں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں اور کشمیر کاز کے لئے جذبے کا اظہار کیا۔ مقابلے کی فاتح علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تنزیلہ شاہد تھیں جنہوں نے پہلا انعام حاصل کیا۔ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی ام ہانی نے دوسرا اور نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کی علینہ طارق نے تیسرا انعام حاصل کیا۔ ان طلباءکے فن پاروں کو ان کی گہرائی، تخلیقی صلاحیتوں اور مضبوط پیغام رسائی کے لئے سراہا گیا جس میں کشمیری عوام کی جدوجہد اور خواہشات دونوں کی تصویر کشی کی گئی۔ قبل ازیں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے سے متعلق دستاویزی فلم ”دی سٹوری آف کشمیر“ بھی دکھائی گئی۔ تقریب میں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کی ڈائریکٹر جنرل عمرانہ وزیر ڈائریکٹر ہیومن ریسورس ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان فارینہ مغل اور وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

نمائش نے سفارت کاروں، صحافیوں، فنکاروں اور طلباءکو اپنی طرف متوجہ کیا۔ تقریب کا اختتام آرٹ، میڈیا اور سفارتی اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق اور آزادی کی حمایت جاری رکھنے کے عہد کے ساتھ ہوا۔