پشاور۔ 09 مئی (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کے تعاون اور نیٹیوز (NATIVES) کے زیر اہتمام 12 واں یوتھ کیمپ کا آغاز پشاور یونیورسٹی کے باراگلی سمر کیمپ میں ہو گیا ہے۔ پانچ روزہ کیمپ کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کے تعاون سے کیا گیا ہے جو کہ نوجوانوں کی ترقی اور بااختیار بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
کیمپ میں تربیتی سیشنز، تفریحی سرگرمیاں، مطالعاتی دورے اور آگاہی واکس شامل ہیں۔ پہلے دن کا آغاز صبح کی ورزش سے ہوا جس کے بعد ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور نوجوانوں کے کردار پر آگاہی سیشنز ہوئے۔ ڈاکٹر درویش جو ضم اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں، انہوں نے نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے کیمپس نوجوانوں کو قومی اور عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بنائیں گے۔
اس پانچ روزہ کیمپ میں خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اور دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے 90 نوجوان شریک ہیں۔ کیمپ کے منتظمین نے ڈائریکٹر یوتھ افیئرز، ڈاکٹر نعمان مجاہد کی نوجوانوں کے لیے خدمات اور رہنمائی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نوجوانوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔کیمپ کا اختتام اتوار کو اس امید کے ساتھ ہوگا کہ یہ نوجوان اپنے اپنے علاقوں میں مثبت تبدیلیوں کا باعث بنیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594928