اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ڈیفنس کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں طلباکے لئے شروع کئے گئے تین روزہ تربیتی پروگرام کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ اس انقلابی اقدام کا مقصد نوجوانوں کو بنیادی سول ڈیفنس کی مہارتیں سکھا کر انہیں اپنی برادریوں کے تحفظ کے قابل بنانا ہے۔
اس پروگرام کوکپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے تعاون سے عملی جامہ پہنایا گیا جس میں 70 تعلیمی اداروں کے 7000طلبا نے حصہ لیا۔ تربیتی عملے میں سول ڈیفنس کی چھ ماہر ٹیموں اور سی ڈی اے کی چار ٹیموں نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ذریعے طلبا کو ہنگامی حالات سے نمٹنے، آگ بجھانے، ابتدائی طبی امداد اور دیگر اہم امور بارے تربیت فراہم کی۔ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس چوہدری محمد علی رانجھا نے اس کامیاب اشتراک کو سراہتے ہوئے سول ڈیفنس کی تربیت کو مستقل بنیادوں پر اداروں کا حصہ بنانے کی ہدایت دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرام نہ صرف طلبا کو خودمختار بناتے ہیں بلکہ ایک محفوظ معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ڈی جی سول ڈیفنس نے عندیہ دیا کہ جلد ہی اسلام آباد کے گرلز سکولز و کالجز کے لئے بھی اسی طرز کا تربیتی پروگرام شروع کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599311