ڈالروں کی سمگلنگ ،ذخیرہ اندوزی اورمنظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون

123
ڈالروں کی سمگلنگ

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی): حکومت نے ڈالروں کی سمگلنگ ،ذخیرہ اندوزی اورمنظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانہ پرکریک ڈاون کاآغاز کردیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ڈالروں کی سمگلنگ ،ذخیرہ اندوزی اورمنظم جرائم کی سرپرستی کرنے والے اوراس میں سہولت کاری میں ملوث سرکاری اہلکاروں کی نشاندہی ہورہی ہے اورا ن کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق غیرقانونی اقتصادی ومعاشی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی مکمل فہرستیں تیارہیں اوران عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پرکریک ڈاون جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ڈالر کے مقابلہ میں روپیہ کی قدرمیں مسلسل کمی کے تناظرمیں ڈالروں کی سمگلنگ ،ذخیرہ اندوزی اورمنظم جرائم میں ملوث عناصر اوربلیک مارکیٹ کے خلاف بڑے پیمانہ پرانتظامی کارروائیوں کا فیصلہ کیاگیاہے۔

حکومت نے غیرمجاز منی چینجرز اورملک میں مالیاتی جرائم میں مصروف عمل دیگرمافیازکے خلاف سخت ایکشن کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ اس حوالہ سے بڑے پیمانے پرپالیسی اصلاحات بھی متعارف کرائی جارہی ہیں۔ان اصلاحات کے تحت اشیاء اورکرنسی کے تجارت کوتبدیل کیا جائیگا۔ فضائی، زمینی اور سمندری راستوں کی نگرانی کا نظام بہترکردیاگیاہے اورکرنسی واشیاء ضرویہ کے غیرقانونی نقل وحمل کی اجازت نہیں دی جائے گی

۔دریں اثناء نگران وزیرداخلہ سینیٹرسرفرازبگٹی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدایات پر ملک بھرمیں سمگلروں کے خلاف کریک ڈاون مہم کا آغاز کردیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ فرنٹئیر کور بلوچستان نے افغانستان کوچینی کی سمگلنگ کی کوشش کوکو کامیابی سے ناکام بنادیا ہے۔