لاہور۔یکم نومبر(اے پی پی )صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ عوام کی زندگی میں خوشحالی لانے اوربہتر صحت کیلئے معیاری غذا کے استعمال اور بہترنیوٹریشن کے کلچر کوفروغ دیناضروری ہے'غذائیت کی کمی صرف غریب طبقہ کا مسئلہ نہیںبلکہ اس سے معاشرے کے دیگر دونوں طبقات بھی برابر متاثر ہو رہے ہیں۔ وہ جمعہ کے روز مقامی ہوٹل میں پاکستان نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹک سوسائٹی کے زیر اہتمام بین الاقوامی …
ڈاکٹرعارف علوی کا نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹک سوسائٹی کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب
لاہور۔یکم نومبر(اے پی پی )صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ عوام کی زندگی میں خوشحالی لانے اوربہتر صحت کیلئے معیاری غذا کے استعمال اور بہترنیوٹریشن کے کلچر کوفروغ دیناضروری ہے’غذائیت کی کمی صرف غریب طبقہ کا مسئلہ نہیںبلکہ اس سے معاشرے کے دیگر دونوں طبقات بھی برابر متاثر ہو رہے ہیں۔ وہ جمعہ کے روز مقامی ہوٹل میں پاکستان نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹک سوسائٹی کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ صحت اور خوشی کے فارمولا کے تحت زندگی گذاریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غذائیت کے کلچر کو اکیلے تبدیل نہیں کرسکتی’ تاہم حکومت اس پرتیزی سے کام کر رہی ہے۔انہوں نے خواتین ڈاکٹر ز پرزور دیا کہ وہ میڈیکل ایجوکیشن کے حصول کے بعد گھر میں نہ بیٹھیں بلکہ عوام کی خدمت کریں۔صدر مملکت نے کہا کہ ڈاکٹر ز حضرات کو چاہئے کہ وہ ہسپتالوں اور کلینکس کے ساتھ ساتھ معاشرہ کو صحت مند بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ احتیاطی علوم پر بھی توجہ دیں کیونکہ اس پر ایک روپیہ خرچ کرنے سے 100روپے کی بچت ہو سکتی ہے۔ صدر مملکت نے پالیسی سازوں پر بھی زور دیا کہ ایسی پالیسیاں بنائی جائیں تاکہ غذائیت کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ غذائیت کی کمی جیسے مسائل کو نچلی سطح سے نمٹا یا جانا چاہیے جس کیلئے سکول کے بچوں کو تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔صدرڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قوم اس وقت ترقی کرتی ہے جب تمام شعبے ملکر ترقی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی بھی اس وقت ایک بڑا مسئلہ ہے’ گاڑیوں میں استعمال ہونے والے گندے فیول کی بھی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت ملک میں الیکٹرانک کاریں متعارف کروانا چاہتی ہے’ لیکن اس سے کار مینوفیکچرز کا کاروبار متاثرہو سکتاہے۔ تاہم ہائبرڈ کارکو فروغ حاصل ہونا چاہئے۔ صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی صحت کیلئے ورزش انتہائی ضروری ہے’ورزش کو معمول بنانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹک سوسائٹی کو وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر سکولوں میں ورزش سے متعلق آگہی کو فروغ دینے کیلئے کام کرنا چاہئے۔









