
اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے سروسزہوٹل لاہورکی نجکاری کیلئے مخصوص قیمت کی منظوری دیتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعدنجکاری کے عمل کو شفاف اندازمیں آگے بڑھانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے نجکاری کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھانے کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہاہے کہ بروقت،مضبوط اورٹھوس بنیادوں پرنجکاری کے عمل سے نہ صرف مسابقتی فعالیت اور خدمات کی فراہمی میں بہتری آئیگی بلکہ اس سے صارفین کے اعتمادمیں بھی اضافہ ہوگا۔
کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کااجلاس جمعرات کویہاں وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقدہوا، اجلاس میں وفاقی وزیرنجکاری محمدمیاں سومرو، وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر، مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، مشیرادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین،معاون خصوصی ریونیو ڈاکٹروقار مسعود اورمعاون خصوصی پاورتابش گوہر نے شرکت کی۔
اجلاس میں نجکاری ڈویژن کی جانب سے سروسزہوٹل لاہورکی نجکاری کیلئے مخصوص قیمت کی منظوری سے متعلق سمری پیش کی گئی، ایڈیشنل سیکرٹری نے کمیٹی کوبتایا کہ ویلیوایشن کے عمل میں ضابطے کے تمام قواعد وضوابط کوملحوظ خاطررکھاگیاہے۔تفصیلی گفت وشنیدکے بعد کمیٹی نے نجکاری کمیشن کی سفارشات کے مطابق مخصوص قیمت کی منظوری دیدی۔اجلاس میں نجکاری ڈویزن کی جانب سے کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کے 4 جنوری 2021 کوہونے والے اجلاس میں جاری ہدایات کی روشنی میں ڈسکوزکو سہل اندازمیں چلانے کے ضمن میں منیجمنٹ کنٹریکٹس دینے سے متعلق کئی تجاویز اورسفارشات پیش کی گئی، اجلاس کوبتایا گیا کہ منیجمنٹ کنٹریکٹس سے خدمات کی فراہمی میں بہتری آئیگی اوراس سے ملک بھرمیں بجلی کے صارفین کے مفادات کا تحفظ ہوگا،نجکاری ڈویژن نے اس مقصد کیلئے ٹرانزیکشن مشیر مقررکرنے کی منظوری کی درخواست بھی پیش کی۔
تفصیلی گفت وشنید کے بعد کمیٹی نے نجکاری بورڈ کے مطلوبہ منظوری کے بعد ڈسکوز کیلئے منیجمنٹ کنٹریکٹس دینے سے قبل کے تمام اقدامات کو تیزی سے مکمل کرنے اورایک ہفتے کے اندرٹھوس سفارشات کے ہمراہ روڈ میپ پیش کرنے کی ہدایت کی۔کمیٹی نے رولز کے مطابق ٹرانزیکشن مشیر کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری بھی دی۔وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے نجکاری کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھانے کی ضرورت پرزوردیا اورکہاکہ بروقت،مضبوط اورٹھوس بنیادوں پرنجکاری کے عمل سے نہ صرف مسابقتی فعالیت اور خدمات کی فراہمی میں بہتری آئیگی بلکہ اس سے صارفین کے اعتمادمیں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ نجکاری کے عمل سے حکومتی آمدنی میں تنوع کے ساتھ ساتھ روزگارکے مواقع میں اضافہ ہوگا جس سے مجموعی اقتصادی بڑھوتری اورملکی ترقی میں مددملیگی۔
اجلاس میں نجکاری ڈویژن کی جانب سے نجکاری کی فہرست میں موجود رئیل ایسٹیٹ، انڈسٹریز، بینکنگ، فنانس، توانائی اوردیگرشعبوں میں حکومتی کاروباری اداروں کی کمپلائنس رپورٹ بھی پیش کی گئی۔اجلاس میں تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعدنجکاری کے عمل کو شفاف اندازمیں آگے بڑھانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیاگیا،وزیرخزانہ نے نجکاری کے عمل میں نظام الاوقات کی پابندی اوراس عمل کوشفاف اندازمیں تیزی سے مکمل کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔