ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر،زاہد محمود قاسمی نائب صدر نامزد

190
Dr. Abul Khair Muhammad Zubair
Dr. Abul Khair Muhammad Zubair

فیصل آباد۔ 11 نومبر (اے پی پی):ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی مجلس قائدین سپریم کونسل نے صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیرکو صدر،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کونائب صدراورلیاقت بلوچ کو سیکرٹری جنرل نامزدکردیا ہے۔میڈیا سیل مرکزی علماکونسل پاکستان کے ترجمان محمد عبداللہ کی جانب سے پیر کو جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ مجلس قائدین ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے دستورکے مطابق کونسل میں شامل ممبر جماعتوں کے سربراہ بھی ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدور ہوں گے جبکہ ملی یکجہتی کونسل کے دستور کے مطابق چار کمیشن مقرر کئے گئے ہیں جو دستور کے مطابق طے شدہ اہداف و مقاصد کے تحت کام کریں گے نیز خطبات جمعہ کمیشن، مصالحتی کمیشن،علمی و تحقیقی اسلامی نظریاتی کونسل سفارشات کمیشن، مذہبی ملی جرائدکمیشنز میں کونسل میں شامل جماعتوں کے نامزد کردہ ممبران اس کے رکن ہوں گے۔

چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان ونائب صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے قیام کا مقصد ملک سے دہشت گردی اور فرقہ وارانہ کشیدگی کا خاتمہ ہے جبکہ دینی جماعتوں کا کسی ایک پلیٹ فارم پر مجتمع ہونا اور ملکی و قومی امور میں مشترکہ مؤقف وپالیسی اختیار کرنا اس ملک کے باشعور عوام کی دیرینہ خواہش تھی۔

انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے بانیان کی ملک و ملت کیلئے خدمات قابل فخر اور لائق تحسین ہیں کیونکہ کونسل میں شامل تمام مکاتب فکر کے اکابرین نے ملی یکجہتی کونسل کے نام سے ایک مشترکہ پلیٹ فارم قائم کیا تھا اور90کی دہائی میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے وجود کاتمام حلقوں میں خیر مقدم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اور پاکستان کے مجموعی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے دینی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ باہمی عملی اتحاد واتفاق کی فضا کو قائم رکھیں اوراسلام و پاکستان کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے اپنامثبت ومؤثر کردار ادا کریں۔