ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا اسٹریٹ ہاکرز کی معاشی سرگرمیوں کے جائزہ کیلئے جی الیون اسلام آباد کا دورہ

48
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا اسٹریٹ ہاکرز کی معاشی سرگرمیوں کے جائزہ کیلئے جی الیون اسلام آباد کا دورہ
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا اسٹریٹ ہاکرز کی معاشی سرگرمیوں کے جائزہ کیلئے جی الیون اسلام آباد کا دورہ

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):احساس متعدد سٹیک ہولڈرز کے ہمراہ سٹریٹ وینڈرز کیلئے کام کرنے کے ماحول کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے ۔ اس سلسلے میں احساس، اسلام آباد میونسپلٹی، سی ڈی اے اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ (پی آئی ڈی ای) کے ساتھ مل کر سٹریٹ وینڈرز کیلئے ایک پائیدار اور شواہد پر مبنی حل تلاش کرے گا ۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جی الیون مرکز اسلام آباد میں اپنے دورے کے دوران سٹریٹ وینڈرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احساس، سٹریٹ وینڈرز کو کام کرنے کے حوالے سے درپیش مشکلات سے بخوبی واقف ہے، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ دیگر شہریو ں کا بھی حق ہے کہ وہ عوامی مقامات کو استعمال کریں ۔اس دورے کا مقصد سٹریٹ وینڈرز کی معاشی سرگرمیوں کا بخود جائزہ لینا اور تخفیف غربت کی کوششوں میں سٹریٹ وینڈرز کے مثبت کردار اور صلاحیتوں کا ادراک کرنا تھا ۔

ڈاکٹر ثانیہ نے پورے مرکز کا دورہ کیا، مختلف سٹریٹ وینڈرزسے ملاقات کی اور ان کی حالت زار سنی ۔ انہوں نے مارکیٹ کی واحد42سالہ خاتون سٹریٹ وینڈر، شاہین اختر سے بھی ملاقات کی جو گھر کا پکا ہوا کھانا فروخت کرتی ہے ۔ سٹریٹ وینڈرز نے ڈاکٹر ثانیہ کو مارکیٹ کے مختلف مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد سیدہ شفق ہاشمی اور تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن میں سٹریٹ وینڈرز اقدام کے فوکل پرسن ضیاء بانڈے بھی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے ہمراہ تھے ۔

اس علاقے میں اس وقت 85سٹریٹ وینڈرز کام کررہے ہیں ، جن میں سے کچھ تو 15سال سے کام کررہے ہیں ، لیکن ان میں سے کسی کے پاس بھی وینڈنگ لائسنس موجود نہیں ہے ۔ قانونی حیثیت کے فقدان کے باعث وینڈرز بار بار جگہ خالی کرائے جانے اورزیادہ کرایا وصول کرنے سے متعلق مشکلات کا شکار ہوتے ہیں ۔ سٹریٹ وینڈرز کی زیادہ تعداد ملک کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے کم تعلیم یافتہ اور کم ہنرمند افراد میں سے ہے ، جن کے پاس روزی کمانے کیلئے محددو صلاحیت اور وسائل ہوتے ہیں ۔

مارکیٹوں میں عوامی مقامات کیساتھ کافی جگہ ہوتی ہے جو سٹریٹ وینڈرز کیلئے رہائش کی گنجائش فراہم کرتی ہے ۔ سٹریٹ وینڈنگ کیلئے کمرشل مقامات پر ایک مکمل غیر رسمی ایکو سسٹم موجود ہوتا ہے ۔ فی مربع فٹ کی بنیاد پر ، وہ اس علاقے میں دکان کے کرایہ سے زیادہ اپنا کاروبار کرنے کیلئے ماہانہ رقم ادا کررہے ہیں ۔ تاہم، مستقبل خوف اور دورانیہ سے متعلق غیر یقینی صورتحال وینڈرز کی حفظان صحت کے طریقوں کو برقرار رکھنے کی صلاحیت کو محدود کرتی ہے جس کے بدولت سٹریٹ وینڈنگ میں صفائی ستھرائی کے معاملات جنم لیتے ہیں ۔

سٹریٹ وینڈرز کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ ان کی معاشی سرگرمیوں اور تخفیف غربت میں ان کے مثبت کردار کو تسلیم کریں ۔احساس کے تحت ایک وینڈرز سپورٹ گروپ بھی قائم کیا گیا ہے جو شہر میں کاروباری لحاظ سے متعدد عوامل کی ترقی کی نگرانی کرتا ہے ۔

محترمہ ہاشمی صاحبہ نے آگاہ کیا کہ میونسپلٹی وینڈرزکی بہتر گورننس اور انتظام کوتسلیم کرنے اور ان کو منظم کرنے کیلئے ایک سرشار سٹریٹ اکانومی یونٹ کے قیام کے ذریعے کوششوں کا آغاز کررہی ہے ۔ مسٹر بانڈے نے سٹریٹ وینڈرز کیلئے مختلف شراکت داروں کے تعاون سے ایک جامع پائلٹ منصوبے کی تفصیلات کا تبادلہ کیا ۔ پی آئی ڈی ای ابتدائی مراحل کیلئے دانشورانہ رائے اور ڈیزائن فراہم کرتا رہا ہے ۔