بٹگرام۔3ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت سینیٹرڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بٹگرام میں باضابطہ طور پر احساس 8171 ویب پورٹل کھولنے کا اعلان کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو خیبر پختونخواہ کے ضلع بٹگرام میں ،ڈی سی آفس میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
ملک میں احساس سروے 99.5 فیصد مکمل ہے اور سروے کی بنیاد پر نئے احساس مستحقین کا اندراج شروع ہو چکا ہے۔ اس وجہ سے ، احساس نے ویب پورٹل لانچ کیا ہے تاکہ لوگ اپنی اہلیت معلوم کریں اور اگر اہل ہو نے کی بنیاد پر امدادی رقم وصول کریں۔نئے کھولے گئے احساس پورٹل کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نے کہا کہ شفافیت کو مد نظر رکھتے ہو ئے ، ڈیٹا کے تجزیات اور قواعد پر مبنی طریقہ کار کے ذریعے اہلیت کا تعین کرنے کے بعد احساس سروے کے حتمی اہلیت کے نتائج کا اعلان پورٹل پر کیا گیا ہے۔
وہ گھرانے جو سروے کے ذریعے رجسٹرڈ ہوچکے ہیں وہ اب آسانی سے احساس کفالت اور احساس ایمرجنسی کیش II کے تحت پورٹل پر اپنا سروے ٹوکن یا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) نمبر درج کرکے اپنی اہلیت معلوم کرسکتے ہیں۔ اگر وہ اہل ہیں تو قریبی احساس ادائیگی مراکز سے اپنی نقد رقم موصول کر سکتے ہیں۔ احساس 8171 ویب پورٹل:hsaastracking.pass.gov.pk ہے۔سروے میں اکھٹی کی گئی معلومات کی بنیاد پر گھروں کو احساس کیش ٹرانسفر میں شامل یا نکالا کیا جاتا ہے۔ احساس رجسٹریشن ڈیسک ملک بھر میں تحصیل سطح پر ان گھروں کی سہولت کے لیے کھولے گئے ہیں جو کچھ وجوہات کی بنا پر سروے میں حصہ نہیں لے سکے۔ وہ احساس رجسٹریشن ڈیسک سے رابطہ کر کے خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ اس سال 12 ملین مستحق گھرانوں کو احساس سروے کی بنیاد پر احساس کیش گرانٹ ادا کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر ثانیہ نے بٹگرام کے علاقے چپل گرام میں ایک ادائیگی کیمپ سائٹ کا بھی دورہ کیا تاکہ اہل احساس مستحقین کو احساس کیش کی ادائیگی کی جائے۔
انہوں نے ان مستحقین سے ملاقات کی جو اپنے ہاتھوں میں اہلیت کے خطوط اور سیل فون پر 8171 پیغامات کے ساتھ احساس نقد رقم نکال رہے تھے۔ انہوں نے اہل خاندان کے لیے احساس کے فوائد کے بارے میں ان کی رہنمائی بھی کی خاص طور پر احساس تعلیم کے وظیفے کے تحت ان کے سکول/ کالج جانے والے 4-22 سال کی عمر کے بچوں کا اندارج۔ "ملک بھر کے 160 اضلاع میں حال ہی میں شروع کیا گیا احساس تعلیم وظیفہ پروگرام لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کو زیادہ وظیفہ دینے کے لیے بنایا گیا ہے۔
پرائمری سکول جانے والے لڑکوں کو سہ ماہی وظیفہ 1500 روپے اور لڑکیوں کو 2000 روپے ملتا ہے۔ سیکنڈری سکول کے لڑکے ڈھائی ہزار روپے اور لڑکیاں تین ہزار روپے وصول کرتی ہیں اور اعلیٰ ثانوی سطح پر لڑکوں کو 3500 روپے اور لڑکیوں کو 4 ہزار روپے ملتے ہیں۔بٹگرام کے علاقے پولیس لائنز میں احساس تحصیل آفس میں ، انہوں نے احساس تعلیمی وظیفہ کے لیے احساس اہل خاندان سے تعلق رکھنے والے بچوں کے اندراج کا بھی جائزہ لیا۔ پروگرام کو ڈیجیٹل بنایا گیا ہے۔
گریڈ 0-12 میں پڑھنے والے اپنے بچوں کی اہلیت کا پتہ لگانے کے لیے ، تمام احساس اہل خاندان بچوں کے ہمراہ احساس تحصیل دفاتر ب فارم اور سکول/کالج کی طرف سے تصدیق شدہ فارم لے کر جا سکتے ہیں۔ڈاکٹر ثانیہ نے رجسٹریشن ڈیسک آپریشنز کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کے ساتھ بات چیت کی جو رجسٹریشن کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔ انہوں نے مردوں اور عورتوں دونوں کے ساتھ خاص طور پر رجسٹریشن کے عمل کے دوران درپیش مشکلات کے بارے میں جاننے کے لیے کافی وقت گزارا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کو رجسٹریشن میں سہولت فراہم کریں تاکہ انہیں زیادہ دیر تک انتظار نہ کرنا پڑے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=271233