ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ،احساس ادائیگیوں پراجلاس کا انعقاد

56

ملتان۔21مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کے ہمراہ پیر کو ملتان میں ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، شراکت دار بینکوں اور جنوبی پنجاب سے احساس کے علاقائی افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

اجلاس کا مقصد فیلڈ میں احساس کفالت کی ادائیگیوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے مربوط اقدامات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن سے جاری بیان کے مطابق اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کے سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ جنوبی پنجاب کے تمام 11 اضلاع میں احساس کی ادائیگیوں کی سہولت کے لئے مزید 20 ادائیگی کیمپس قائم کئے جائیں گے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ آج کی اسٹیک ہولڈر اجلاس نے ہمیں جنوبی پنجاب میں احساس کی ادائیگیوں کو بہتر بنانے کے بارے میں گہری بصیرت فراہم کی ہے، ہم نے باہمی تعاون کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ہے کہ کس طرح احساس کی ادائیگی کے آپریشنز کے مجموعی معیار کو بہتر بنانے کے لئے رابطہ کاری کو مضبوط کیا جائے۔71 ارب روپے کی نئی کفالت قسط کی تقسیم کے ساتھ جس کا آغاز 7 مارچ 2022 سے ہوا، تمام مستفیدین کے لیے احساس کفالت کی ششماہی وظیفہ کی رقم 12,000روپے سے بڑھا کر 14,000روپے کر دی گئی ہے ۔

اس کے علاوہ، جن خاندانوں کے بچے احساس سکول وظیفہ میں داخل ہیں، وہ زیادہ رقم حاصل کر رہے ہیں۔ احساس جعلی کٹوتیوں سے سختی سے نمٹنے کے لیے مربوط کارروائیاں بھی کر رہا ہے، جن میں سے زیادہ تر کی اطلاعات جنوبی پنجاب اور سندھ سے ہیں۔جنوبی پنجاب کے ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ریجنل پولیس افسران، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور ایف آئی اے، آئی ایس آئی، آئی بی اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے سینئر افسران نے احساس کی تقسیم کے آپریشنز کو بہتر بنانے کے لئے احساس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جنوبی پنجاب کی 42 تحصیلوں میں احساس تقسیم کی کارروائیوں کو انجام دینے میں مسلسل تعاون پر ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا۔اب تک جنوبی پنجاب میں احساس کفالت کے کل 1.3 ملین مستحقین میں سے 66 فیصد کو جنوری سے جون 2022 کے لئے ادائیگی کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ خطے میں احساس سکول کے وظیفہ کے لئے 2.1 ملین بچوں کو رجسٹر کیا گیا ہے۔