ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیرصدارت احساس نشوونما کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

48

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیرصدارت احساس نشوونما کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں احساس نشوونما پروگرام پرآغا خان یونیورسٹی کے محققین کی اویلوئیشن رپورٹ پیش کی گئی ۔

بمطابق رپورٹ 99.37فیصد صارفین نے احساس نشوونما سہولیات کوتسلی بخش قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق احساس نشوونما نے صارفین کی صحت سہولیات و صحت بخش غذا تک رسائی کو یقینی بنانے میں موثر کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ اویلوئیشن رپورٹ کی روشنی میں احساس نشوونما کا دائرہ کار رواں مالی سال میں تمام اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔اجلاس میں صوبائی حکومتوں اور بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں کی جانب سے پروگرام کو بھرپور سراہا گیا۔احساس نشوونما سٹنٹنگ کی روک تھام کیلئے ماں اور بچوں کی صحت سے مشروط کیش ٹرانسفر کا پروگرام ہے۔احساس نشوونما فی الوقت ملک کے15 اضلاع میں جاری ہے، ا ب تک50 احساس نشوونما مراکز فعال ہیںِ۔