اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی سربراہی میں احساس راشن پروگرام کی آگاہی مہم کےلئےشہر شہر کے دورے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں اتوار کو ڈاکٹر ثانیہ نے راولپنڈی تا پشاور جی ٹی روڈ پر آٹھ چھوٹے شہروں کا دورہ کیاجن میں واہ، حسن ابدال، کامرہ، جہانگیرہ، اکوڑہ خٹک، نوشہرہ سٹی، پبی اور پشاور شامل ہیں۔اس موقع پر نیشنل بینک، ضلعی انتظامیہ اور احساس کے اعلیٰ افسران بھی ہمراہ تھے۔کل ڈاکٹر ثانیہ نے روات، مندرہ، گوجر خان، سوہاوہ، دینہ اور جہلم کا دورہ کیا تھا۔
ڈاکٹر ثانیہ احساس راشن آگاہی مہم کے سلسلے میں رواں ہفتے 30چھوٹے شہروں کے دورے کریں گی۔ ان دوروں کا مقصدکریانہ مالکان کواحساس راش رعایت پروگرام کی مکمل آگاہی فراہم کرنا ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نےہر شہر میں کریانہ دکانداروں سے ملاقات کی، ان کو احساس راشن پورٹل پر رجسٹر کروایا۔انہوں نے ان دو دنوں میں 14شہروں میں کریانہ مالکان کےلئے مرتب کردہ موبائل پوائنٹ آف سیل ایپ اور رجسٹریشن کے طریقہ کار پر بھی بریفنگ دی۔
اس دوران ڈاکٹر ثانیہ نے مقامی میڈیا اور انجمن تاجران کے عہدیداروں سے بھی احساس راشن رجسٹریشن پر بھی بات کی۔پشاور میں ڈاکٹر ثانیہ نیشنل بینک کے علاقائی ہیڈ کوارٹرز بھی گئیں اور مقامی کریانہ دکانداروں سے بھی ملاقات کی۔اتوار کا دورہ پشاور میں پریس کانفرنس پر اختتام پذیر ہوا۔ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ احساس راشن رعایت پروگرام سے دو کروڑ خاندان مستفید ہوں گے۔
کم آمدنی والے گھرانوں اور کریانہ دکانداروں کی رجسٹریشن پورٹل پر جاری ہے۔ehsaasrashan.pass.gov.pk احساس راشن پروگرام کے تحت وفاق اور صوبوں کے مابین وضع کردہ اشتراک پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پروگرام میں وفاقی حکومت 35فیصد حصہ ڈالے گی اور احساس راشن میں شامل صوبے بشمول خیبرپختونخوا، پنجاب، جی بی اور آزاد کشمیر 65فیصد ڈالیں گے۔