اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):پروفیسر ڈاکٹر زاہد اکرم کو چار سال کے لیے سلک روڈ وہیٹ انوویشن الائنس ( ایس آر ڈبلیو آئی اے ) کا نائب صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔
ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر زاہد اکرم جو اس وقت یونیورسٹی کے شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، چین، ترکیہ، قازقستان ، ازبکستان اور روس سمیت اتحاد کے رکن ممالک میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ماہر تعلیم ہیں ۔
ایس آر ڈبلیو آئی اے نارتھ ویسٹ ایگریکلچر اینڈ فاریسٹری یونیورسٹی، یانگلنگ، چین کی طرف سے شروع کیا گیا ہےجو 2019 سے اس تقریب کا اہتمام کر رہا ہے۔ ایس آر ڈبلیو آئی اے رکن ممالک میں گندم کی تحقیق اور بہتری کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا تھا تاکہ شاہراہ ریشم کے ساتھ ساتھ غذائی تحفظ میں اضافہ کیا جا سکے۔
ڈاکٹر زاہد اکرم کا انتخاب زرعی تبدیلی، خوراک کی بہتر پیداوار اور پائیدار خوراک کے نظام کی ترقی کے ذریعے غذائی تحفظ کے چیلنجوں سے نمٹنے میں پاکستانی ماہرین تعلیم کے اہم کردار کی نشاندہی کرتا ہے۔
بین الاقوامی زرعی اتحاد میں کلیدی حیثیت پر فائز ہونا پاکستان کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔ڈاکٹر زاہد اکرم جیسے محققین اور ماہرین تعلیم پاکستان میں زرعی شعبے میں انقلاب لانے کی بے پناہ صلاحیتیں رکھتے ہیں جو خود انحصاری کی راہ ہموار کرتے ہیں اور ایک بڑے زرعی برآمد کنندہ کے طور پر ملک کی پوزیشن کو مضبوط کرتے ہیں۔