ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کی رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کے خاتون آفیسر کے لباس پر تنقید کے معاملہ کی مذمت

ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کی رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کے خاتون آفیسر کے لباس پر تنقید کے معاملہ کی مذمت

188

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کے خاتون آفیسر کے لباس پر تنقید کا معاملہ پر سیکرٹری وویمن پارلیمنٹری کاکس ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے شدید مذمت کی ہے ۔

جمعہ کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کا کمیٹی اجلاس میں ایک خاتون کے لباس پر اعتراض افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔خاتون آفیسر اپنی قابلیت اور اہلیت کی وجہ سے اس مقام پر پہنچیں ہونگی، کمیٹی رکن کو خاتون آفیسر کا احترام کرنا چاہئے تھا، مرد ارکان اسمبلی کو خواتین کے لباس پر تنقید اور اعتراض کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے، اقبال آفریدی کا خاتون کے لباس پر غیر ضروری اعتراض ایک ایسی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے جو تنگ نظری اور صنفی امتیاز پر مبنی ہے، ایسے اعتراضات قدامت پسند اور پدرشاہی سوچ کو ظاہر کرتے ہیں جو خواتین کے لباس کو تنقید کا نشانہ بنا کر انہیں قابو میں رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔

شاہدہ رحمانی نے کہا کہ خواتین کو مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ اور آرام دہ لباس میں کسی بھی پیشہ ورانہ ماحول میں شرکت کر سکیں، اس طرح کی سوچ پاکستان میں صنفی مساوات کے حصول کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ خواتین کو ان کے خیالات اور خدمات کی بناء پر پرکھا جائے، ان کی ظاہری شکل یا لباس کی بناء پر ان سے اس طرح کا برتائو نہ کیا جائے ، پیپلز پارٹی اس قسم کے امتیازی اور توہین آمیز بیانات کو پوری طرح مسترد کرتی ہے۔