
اسلام آباد ۔ 23 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے کامیاب ملاقات کے بعد پمز ملازمین نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ منگل کو وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پمز ملازمین کے خدشات کو دور کرنے کیلئے پمز بحالی ایکشن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور کامیاب مذاکرات کے بعد ملازمین نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر ہڑتالی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اور ہسپتال کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچنے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کا نقصان نہیں ہونا چاہئے، انہیں بہترین سہولیات پہنچانا ہماری اولین ذمہ داری اور فرائض میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور ہڑتالی ملازمین میں کوئی اختلاف رائے نہیں، 26 اگست کو پمز میڈیکل یونیورسٹی سے متعلق بل کمیٹی میں پیش کر دیا جائے گا۔