اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ملک بھر میں ایوی ایشن کی خدمات کی بہتری کے لیے اس وقت 9 مختلف منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ 7 مزید منصوبوں کی منصوبندی کر رکھی ہے۔ رواں مالی سال 20-2019ءکے اقتصادی جائزہ سروے پر روشنی ڈالتے ہوئے مشیرخزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وہ مختلف منصوبوں پر بھاری رقوم خرچ کر رہی ہے جس سے ملک میں اقتصادی سرگرمیاں شروع ہوں گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی قومی خزانے میں بھی سالانہ 15 سے 20 ارب روپے بلواسطہ یا بلا واسطہ ٹیکسز کے ذریعے اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔ اتھارٹی کے جاری منصوبوں میں نیو گرین فیلڈ گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر، کوئٹہ ائیرپورٹ کے رن وے، متوازی ٹیکسی ویز کی بحالی اور ری کارپٹنگ کے ترقیاتی کام، فیصل آباد ائیرپورٹ پر ترقیاتی کام، گوادر ائیرپورٹ پر نائٹ فلائٹ آپریشن کی سہولیات کی فراہمی جیسے منصوبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قومی ایوی ایشن پالیسی 2019ءکے تحت سیاحت کے فروغِ کے اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں جس سے سماجی اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔ توانائی کی بچت کے لئے تمام ہوائی اڈوں پر انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ موزوں توانائی کے استعمال والے آلات نصب کئے جا رہے ہیں۔ ریڈار سسٹم کی اپ گریڈیشن بھی ان منصوبوں کا حصہ ہے۔ زیر غور منصوبوں میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور، فیصل آباد ائیرپورٹ اور کوئٹہ ائیرپورٹ کی عمارت کی توسیع کے منصوبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی، اسلام آباد اور مانسہرہ کے ہوائی اڈوں کے ترقیاتی منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ وزیراعظم نے قومی ایوی ایشن پالیسی کو ایوی ایشن اور ائیر انڈسٹری کے لئے موزوں بنانے کی ہدایت کی تھی گزشتہ سال مارچ میں وفاقی کابینہ نے موجودہ پالیسی میں بہتری کے اقدامات کی منظوری دی ہے۔