لاہور۔25فروری (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میو ہسپتال اور لاہور ہائی کورٹ کا دورہ کیا اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی/ لیگل اویس احمد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران اوردیگر سینئر پولیس افسران ہمراہ تھے۔
ترجمان پنجاب پولیس تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے میو ہسپتال میں زیر علاج شہری آصف جاویدکی عیادت کرتے ہوئے خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے شہری آصف کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے شہری آصف کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔انہوں نے شہری کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔
بعدازاں آئی جی پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ کا دورہ کرکے جائے وقوعہ کا بھی معائنہ کیا۔ڈی آئی جی سکیورٹی اویس احمد، ایس پی سکیورٹی لاہور عبدالوہاب اور سینئر افسران ہمراہ تھے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور ہائی کورٹ کی سکیورٹی اور چیکنگ میکانزم مزید سخت کرنے کا حکم دیا۔انہوںنے بتایا کہ محمد آصف جاوید نے لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ میں خود سوزی کی کوشش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران، اہلکاروں اور شہریوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آصف کی جان بچائی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566279