ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کا سینئرصحافی جاوید شہزاد کے انتقال پر اظہار افسوس

94

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):تحریک منہاج القران کے سربراہ اور معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نےسینئرصحافی جاوید شہزاد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینئر صحافی جاوید شہزاد ایک دیانتدار، باوقار اور بالخصوص مذہبی جماعتوں سے گہری محبت رکھنے والے انسان تھے۔

جمعہ کو تحریک منہاج القرآن کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کے ذریعے مرحوم کے پسماندگان کو بھجوائے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ سینئر صحافی جاوید شہزاد طویل عرصہ نہایت مخلصانہ اور وفادارانہ انداز میں ہماری تحریک کے ساتھ وابستہ رہےاور دین کی خدمت میں بھرپور حصہ لیا، میں انہیں پیار سے "امیر الملک” کے لقب سے یاد کیا کرتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں اللہ رب العزت کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ جاوید شہزاد مرحوم کی بخشش اور مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ اللہ تعالیٰ ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل اور استقامت عطا فرمائے اور انہیں اس غم کو برداشت کرنے کی توفیق دے۔