اسلام آباد ۔ 27 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ آج خواجہ آصف کوکسی ادارے کا احترام تو یاد آیا، سیاست میں ماﺅں، بہنوں پر کیچڑ اچھالنے والے آج کس منہ سے عیب پوشی کا درس دے رہے ہیں۔ منگل کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی تقریر پر اپنے ردعمل میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو چیئرمین نیب کے معاملے میں ملوث کرنا ایک گری ہوئی حرکت اور سیاسی بدنیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو مائنس کرنے کے خواہشمند آج خود سسٹم سے مائنس ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری حکومت غیر منتخب لوگوں سے چلانے والوں کو آج منتخب لوگوں کی یاد آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں منتخب لوگ وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے غیر منتخب لوگوں سے سفارش کرواتے تھے۔