ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں سیکیورٹی گارڈز کی بروقت مداخلت کی بدولت چوری کی کوشش ناکام بنادی گئی

3

سرگودھا۔ 25 جون (اے پی پی):گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا سے ملحقہ ٹی بی ہسپتال کے قریب سے چوری کی واردات کرنے والے ایک شخص کو ہسپتال کی سیکیورٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک مشتبہ شخص کو اُس وقت پکڑ لیا، جب وہ ہسپتال سے ائیرکنڈیشنر،عملے کے بیگ اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کر کے لے جا رہا تھا۔ گرفتار شخص کی شناخت محسن رضا کے نام سے ہوئی ہے سیکیورٹی گارڈز کی بروقت مداخلت کی بدولت چوری کی کوشش ناکام بنادی گئی اور ملزم سے چوری شدہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔

ملزم کو فوری طور پر قانونی کارروائی کے لئے تھانہ فیکٹری ایریاء پولیس کے حوالہ کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ نے سیکیورٹی عملے کی فرض شناسی اور بروقت ردِعمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس طرح کی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر سہیل طارق کا کہنا ہے کہ کسی قسم کی کوئی چوری برداشت نہیں کی جائے گی ایسے شخص کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا جبکہ ٹی بی ہسپتال کے ڈی ایم ایس کی مدعیت میں تھانہ فیکٹری ایریاء کو مقدمہ کے اندراج درخواست دے دی گئی ہے۔