ڈاکٹر مصدق ملک کا پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام میں اظہار خیال

122

اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے معاملے پر ملکی سیاسی جماعتوں کا اتحاد خوش آئند ہے جس سے بھارت سمیت پوری دنیا کو ایک مضبوط پیغام گیا ہے، منگل کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم اور موثر اقدامات بھی کر رہی ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور دنیا کے ساتھ ساتھ پورے خطے کا امن بھی چاہتا ہے لیکن ہماری امن کی اس خواہش کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے، پاکستانی قوم کا مورال بلندہے اور وہ ہر قسم کے امتحان کے لیے تیار ہے، ہم اپنا دفاع اور حفاظت کرنا بہت اچھی طرح جانتے ہیں اس لیے کسی کو کسی بھی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے، ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی و عسکری قیادت ایک ہی صفحے پر ہے اس لیے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ہماری مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ہیں جسے دنیا بھی جانتی ہے، ایک اور سوال کے جواب مین انہوں نے کہا کہ پیر کے روز ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں مسئلہ کشمیر پر کھل کر بات کی گئی اور بھارت کو ایک مضبوط پیغام دیا گیا کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت کو جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے