اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے بلوچستان سے مسلسل پولیو کیسز رپورٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہاہے کہ پولیو کی موجودگی ملک میں ہر بچے کے لیے خطرہ ہے اور پولیو اور دیگر ویکسینز کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے،قلعہ عبداللہ میں 11 ماہ کے بچےمیں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
بدھ کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر ملک مختر احمد بھرتھ نے کہاکہ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں ایک 11 ماہ کا بچہ پولیو وائرس سے معذور ہوگیا ہے جس کے بعد ملک میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ قومی ادارہ صحت میں قائم انسداد پولیو لیبارٹری کے مطابق متاثرہ بچے میں معذوری کی علامات 17 جولائی کو ظاہر ہوئیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان سے مسلسل پولیو کیسز کارپورٹ ہونا باعث تشویش ہے۔
ڈاکٹر ملک مختار بھرتھ نے کہا کہ پولیو کی موجودگی ملک میں ہر بچے کے لیے خطرہ ہے اور پولیو اور دیگر ویکسینز کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو اس موذی مرض سے بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہم صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ صوبے میں ویکسنیشن کی شرح کو بڑھایا جا سکے اور بچوں میں اس بیماری کے خلاف قوت مدافعت پیدا کی جا سکے۔