اقوام متحدہ ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ جب تک سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے حق خودارادیت کے تحت مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاتا اس وقت تک برصغیر کی تقسیم کا ایجنڈا نامکمل رہے گا۔ یہ بات انہوں نے جنرل اسمبلی میں نوآبادیت کے خاتمے سے متعلق مسائل پر مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیریوں کی نسلیں کھوکھلے وعدوں اور بے رحم جارحیت کا سامنا کررہی ہیں۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے یاد دلایا کہ گزشتہ چھ دہائیوں سے سلامتی کونسل کی جانب سے کشمیر میں استصواب رائے کا وعدہ ایفا نہ ہوسکا اور کشمیری اب تک اپنے بنیادی حق حق خودارادیت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر کشمیری عوام یکجا ہو کر بھارتی جارحیت اور ظلم وستم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ کشمیریوں کی موجودہ جائز اور مقامی جدوجہد اس لئے شروع ہوئی کیونکہ انہیں ان کے حقوق سے محروم کیا جارہا ہے۔