کراچی۔ 08 دسمبر (اے پی پی):کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کے صدر فراز الرحمان، پیٹرن ان چیف ایس ایم تنویر اور ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا نے نگراں وفاقی وزیر برائے صنعت و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز کی جانب سے ملکی ریونیو کو 100ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کو سراہا۔
انہوں نے جمعہ کواپنے بیان میں کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت کی جانب سے اسٹیک ہولڈرز کو کسی بھی مشاورتی کونسل میں شامل کیا گیا، ورنہ ماضی میں یہی روایت رہی ہے کہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر پالیسی مرتب کی جاتی رہی ہے تاہم اب کیونکہ ڈاکٹر گوہر اعجاز ذاتی طور پر خود ایک تجربہ کار بزنس مین ہیں انہیں اندازہ ہے کہ پالیسی مرتب کرنے کیلئے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت لازمی ہے۔
کاٹی کے صدر فراز الرحمان نے وفاقی وزیر صنعت و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کاٹی اور پاکستان بزنس گروپ کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور حکومت کو تجاویز پیش کرنے کیلئے کاٹی اور پی بی جی او اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کا ہمیشہ سے یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ مشاورت سے پالیسی مرتب کی جائے۔ وفاقی وزیر صنعت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ بزنس کمیونٹی کو متعلقہ مشاورتی کمیٹیوں میں شامل کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان کی معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنے کیلئے سنجیدہ ہیں۔
فراز الرحمان نے کہا کہ ڈاکٹر گوہر اعجاز کی اس کاوش کی بزنس کمیونٹی معترف ہے اور اس اقدام سے یقین ہے کہ پاکستان کی معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہوگی اور ملک میں جاری بحران کا جلد خاتمہ ہوگا۔فراز الرحمان نے کہا کہ حکومت اسی پالیسی پر عمل پیرا رہے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی معیشت پھر ڈبل ڈجٹ میں ترقی کرے گی اور ڈاکٹر گوہر اعجاز کا 100 ارب ڈالر کے ملکی ریونیو کا خواب پورا ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418147