ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، گین اور نیوٹریشن انٹریشنل اینڈ ورلڈ فوڈ پروگرام کے وفود کا پنجاب فوڈ ہیڈ کوارٹر کا دورہ

116

لاہور۔14ستمبر (اے پی پی):ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، گین اور نیوٹریشن انٹریشنل اینڈ ورلڈ فوڈ پروگرام کے وفود نے پنجاب فوڈ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا،تمام تنظیموں کے نمائندگان کی ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید سے تفصیلی ملاقات ہوئی ،جس میں غذائی قلت کو روکنے کے لیے فوڈ فورٹیفکیشن کی اہمیت کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

نمائندگان کی جانب سے پی ایف اے کے ساتھ ملکر غذائی مسائل کو روکنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ نیوٹریشن کے حوالے کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پنجاب بھر سے اسٹیک ہولڈرز اور سکولز نمائندگان اساتذہ، طلبہ اور والدین شرکت کریں گے۔ خواتین اور بچوں میں غذائی کمی کے خاتمے کے لیے ملکر کام کیا جائے گا۔

تمام آرگنائزیشنز نے نیوٹریشن کے متعلق جدید حکمت عملی پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ فوڈ فورٹیفکیشن آج کی ایک اہم ضرورت ہے، ہم سب کو ملکر جدوجہد کرنا ہوگی۔تمام تنظیموں کے باہمی اتحاد سے سکولز میں نیوٹریشن کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ کیمپس میں غذائی آگاہی، جنک اور ہیلتھی فوڈ میں فرق، غذائی چارٹس م، ہدایت ناموں کیساتھ ساتھ میڈیکل سکریننگ بھی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سکول کینٹینز میں صرف غذائیت سے بھرپور خوراک کی فروخت کی اجازت دی جائے گی، غذائی چارٹس آویزاں کیے جائیں گے۔خوراک انسانی جسم کا وہ حصہ ہے جو کہ براہ راست انسانی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے۔ماں کو بچوں کے لیے ہیلدی لنچ باکس تیار کرنے کی تربیت دی جائے گی۔

ان کا کہناتھا کہ اگر آج ہم اپنے بچوں اور خواتین کی خوراک پر توجہ دیں گے تو صحت مند معاشرہ تشکیل پاسکے گا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور تمام آرگنائزیشنز غذائی قلت کے خاتمے اور نیوٹریشن آگاہی کے اہداف کو مل کر مکمل کریں گی۔ صوبہ بھر میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کیساتھ انٹرنیشنل تنظیموں کی خدمات کارگر ثابت ہوں گی۔