ڈرلنگ آلات میں خرابی، بھارتی ریاست اتراکھنڈ کی سرنگ پھنسے 41 مزدوروں کے لیے ریسکیو کا کام معطل

149
India

نئی دہلی۔24نومبر (اے پی پی):بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں دو ہفتوں سے سرنگ میں پھنسے 41 مزدوروں کو نکالنے کا عمل ڈرلنگ کے آلات میں خرابی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہو گیا ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ کارکنوں تک پہنچنے کی کوششیں جلد ہی دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔یہ مزدور ریاست اتراکھنڈ میں 4.5 کلومیٹر لمبی سرنگ میں 12 نومبر سے پھنسے ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ محفوظ ہیں اور ان تک خوراک، پانی اور ادویات پہنچائی جا رہی ہیں۔ریسکیو آپریشن کے سربراہ دیپک پٹیل نے بتایا کہ امدادی کارکنوں کو امید تھی کہ جمعرات کو ڈرلنگ ختم ہو جائے گی لیکن مشین کا پلیٹ فارم خراب ہونے کے بعد اسے معطل کرنا پڑا کیونکہ اسے مرمت کرنے کی ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ 60 میٹرملبے کے ڈھیر کے آخری 10 میٹر کو کھودنا باقی ہے اور پلیٹ فارم کے تیار ہونے کے بعد کام دوبارہ شروع ہو جائے گا۔حکومت نے کہا ہے کہ اس سرنگ کے گرنے کے بعد نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا زیرتعمیر مزید 29 سرنگوں کا سیفٹی آڈٹ کرے گی۔