رحیم یارخان ۔ 09 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کی ہدایت پر غیر قانونی پیٹرول پمپس، آئل ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز عماد الدین جتوئی نے ڈی او سول ڈیفنس یٰسین ملک کے ہمراہ ضلع کے مختلف مقامات پر کارروائی کی۔ضلع بھر میں 10پیٹرول پمپ اور آئل ایجنسیوں کو سیل کرتے ہوئے سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں غیر قانونی پیٹرول پمپس اور آئل ایجنسیوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈی او انڈسٹریز اور ڈی او سول ڈیفنس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے علی رضا فیلنگ اسٹیشن، حکیم آئل ایجنسی، عباس آئل ایجنسی، عثمان آئل ایجنسی، قاضی آئل ایجنسی، رفیق آئل ایجنسی، رشید آئل ایجنسی، خالق آئل ایجنسی سمیت دیگر کو سیل کرتے ہوئے سامان تحویل میں لے لیا۔
ڈی او انڈسٹریز عمادالدین جتوئی نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات ہیں کہ ضلع بھر میں غیر قانونی آئل ایجنسیاں اور پیٹرول پمپس کسی بھی بڑے نقصان کا باعث بن سکتے ہیں لہذا بلا تفریق ایسی ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر پیٹرولیم مصنوعات کو ذخیرہ اور خرید و فروخت کرنا جرم ہے جس کی کوئی معافی نہیں دی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=378987