ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ میں بار وورکیشنل کورس جاری ”کریمنل قوانین “ کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی

60
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ میں بار وورکیشنل کورس جاری ”کریمنل قوانین “ کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی

سیالکوٹ۔12مارچ (اے پی پی):ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ میں بار وورکیشنل کورس کے پانچویں سیشن کی بارہویں کلاس میں شریک وکلاء کو ”کریمنل قوانین “ کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے صدر عرفان اللہ وڑائچ نے کہا کہ وکالت مقدس پیشہ ہے ، وکیل معاشرے کی بہتری کیلئے لڑتا ہے۔

وکیل معاشرے کے محروم طبقے کیلئے قانونی جنگ لڑتا ہے کسی بھی معاشرے میں وکیل کا رتبہ مثالی حیثیت رکھتا ہے ، اچھا وکیل بننے کیلئے محنت کی ضرورت ہے او ر محنت کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔ سیکرٹری بارچوہدری محمد افضال اسلم، سابق صدر بار خواجہ اویس مشتاق ایڈووکیٹ آ ف سپریم کورٹ نے بھی وکلاء کو ” کریمنل قوانین ” کے بار ے میں وکلا ءکو تفصیلاً آگاہ کیا۔ انہوں نے نئے آنے والے وکلاءکو کریمنل کیسز کے ٹرائل، تیاری کے متعلق تفصیلاً آگاہ کیا اور انہیں مقدمات کی باریکیاں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قانون کی اصل روح معلوم ہو تو دلائل میں وزن ہوتا ہے۔

وکیل اپنے مثالی کردار سے معاشرے میں باوقار مقام حاصل کرتا ہے جبکہ دیگر شعبوں کی نسبت وکلاءکا دائرہ کار وسیع ہوتا ہے۔ کلاس میں موجود وکلاءنے کیس کے متعلق سوالات کئے جنہیں خواجہ اویس مشتاق ایڈووکیٹ نے تسلی بخش جوابات دیتے ہوئے انہیں مکمل بریف کیا۔ سیکرٹری چوہدری محمد افضال اسلم نے کہا کہ کوئی بھی وکلاءپڑھائی اور محنت کے بغیر سائلین کو انصاف فراہم کرنے میں مدد گار ثابت نہیں ہوسکتا۔

اس لئے نئے آنے والے وکلاءکو چاہیے کہ وہ محنت اور لگن سے سائلین کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریںپنجاب بار کونسل کے لائسنس کے حصول کےلئے بار ووکیشنل کورس لازمی قرار دے دیا ہے۔